علی ساہی: وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے صوبے میں ٹریفک مینجمنٹ کو مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ ہیڈ آف ٹریفک محمد وقاص نذیر نے ٹریفک نظام میں بہتری کے لیے سی ٹی اوز، ڈی پی اوز اور ڈی ٹی اوز کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے مختلف ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
مراسلے میں ہیلمٹ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ اوورلوڈنگ کرنے والی ٹرانسپورٹ کے خلاف بھی بلاامتیاز قانونی کارروائی کرنے کا کہا گیا ہے۔
ہیڈ آف ٹریفک نے ہدایت کی ہے کہ سڑکوں اور چوراہوں سے بھکاریوں کو قانون کے مطابق ہٹایا جائے۔ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے ریت، ملبہ اور دیگر سامان لے جانے والی ٹریکٹر ٹرالیوں کو ڈھانپنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
مراسلے میں ٹریکٹر ٹرالی مالکان اور متعلقہ اداروں کو سامان ڈھانپنے کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
ٹریفک چالان ادا نہ کرنے والے شہریوں کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایسے افراد کی فہرستیں محکمہ ایکسائز اور ضلعی پولیس کو بھیجنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق ٹریفک چالان کے ڈیفالٹر شہری محکمہ ایکسائز اور پولیس خدمت مراکز کی بعض سہولیات سے محروم ہوں گے۔
پٹرولنگ پر مامور ٹریفک افسران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے ساتھ ساتھ سیف سٹی کیمروں سے موصول ہونے والی نشاندہی پر بھی کارروائی کریں گے۔
لاہور کے شاہدرہ اور ٹھوکر نیاز بیگ کے داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسی طرح فیروزپور روڈ کو مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ اور مین بلیوارڈ کی طرز پر ماڈل روڈ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رائیونڈ روڈ اور پائن ایونیو پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے سگنلز نصب کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے، جبکہ مال روڈ اور جیل روڈ پر پیدل سڑک عبور کرنے کے لیے الیکٹرک سگنلز لگائے جائیں گے۔
مراسلے میں آئندہ گنے کے سیزن کے حوالے سے بھی اہم ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ گنا اوورلوڈنگ کرنے والی ٹریکٹر ٹرالیاں سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
شہری علاقوں میں لین ڈسپلن یقینی بنانے اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔ موٹر سائیکلوں اور رکشوں کے لیے انتہائی بائیں جانب لین مختص کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
ہیڈ آف ٹریفک محمد وقاص نذیر نے تمام ٹریفک افسران کو ہدایت کی ہے کہ مراسلے میں دی گئی تمام ہدایات پر مؤثر اور یقینی عملدرآمد کروایا جائے۔