ویب ڈیسک: چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے پیچھےایک منظم غیر قانونی اسپیکٹرم ہے جس کی پشت پناہی کچھ مخصوص عناصر کرتے ہیں اور جب بھی ریاست ان پر ہاتھ ڈالتی ہے تو آپ کو ان کے جھوٹے بیانیوں کی آواز سنائی دیتی ہے۔
پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کے بہاولپور کے دورے کی کچھ مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں، سپہ سالار نے بہاولپور میں طلبہ سے بات چیت کرتے ہوئے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے پس پردہ حقائق سے پردہ اٹھایا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بہاولپور میں طلبہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اللہ پاک کا عطا کردہ ایک انمول تحفہ ہے جس کو اللّٰہ نے بہت سی نعمتوں سے نوازا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہمیں کبھی بھی اپنے عقیدہ، اسلاف اور معاشرتی اقدار کو نہیں بھولنا چاہیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے کہا کہ ملکی ترقی کے لئے ہم میں سے ہر کسی نے اپنے حصے کی شمع جلانی ہے اور بلاوجہ تنقید کے بجائے اپنی توجہ خود کی کارکردگی اور فرائض پر مبذول رکھنی ہے۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ جب تک عظیم مائیں اپنے بچے پاکستان پر نچھاور کرتی رہیں گی اور یہ قوم بالخصوص نوجوان اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے تو کوئی بھی ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
سپہ سالار کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے پیچھےایک منظم غیر قانونی اسپیکٹرم ہے جسکی پشت پناہی کچھ مخصوص عناصر کرتے ہیں۔
آرمی چیف کے مطابق جب بھی ریاست ان عناصر پر ہاتھ ڈالتی ہے تو آپ کو ان کے جھوٹے بیانیوں کی آواز سنائی دیتی ہے۔