(ویب ڈیسک)ملکی سیاسی منظر نامے میں بڑی سیاسی پیش رفت،وزیراعظم شہباز شریف نے اہم قومی چیلنجز پر تمام قومی سیاسی قائدین کو ایک میز پر بٹھانے کا بڑا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات وزیراعظم نے 7 فروری کو 'کل جماعتی کانفرنس' (اے پی سی) بلا لی،اے پی سی اسلام آباد میں ہوگی، تمام قومی سیاسی قائدین کو اے پی سی میں شرکت کی باضابطہ دعوت دے دی گئی۔وزیراعظم نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو بھی اے پی سی میں بلا لیا ۔
وفاقی وزیر سردار ایاز صادق کے سابق سپیکر قومی اسمبلی، پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر اور سابق وزیردفاع پرویز خٹک سے رابطے، ایاز صادق نے اسد قیصر اور پرویز خٹک کو وزیراعظم کی طرف سے عمران خان کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت پہنچائی۔وزیراعظم نے کل پشاور میں ہونے والی ایپیکس کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے دو نمائندوں کو بھی شرکت کی دعوت دے دی ۔
ایاز صادق نے وزیراعظم کا پیغام اسد قیصر اور پرویز خٹک کو پہنچا تے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ایپیکس کمیٹی میں پی ٹی آئی کے دو نمائندوں کو شریک ہونے کی دعوت دیتا ہوں، سردار ایاز صادق نے پی ٹی آئی راہنماؤں کو اپنی جماعت کے نامزد نمائندوں کے ناموں سے آگاہ کرنے کی درخواست کی۔
گورنر ہاؤس میں ایپیکس کمیٹی کے اجلاس میں تمام سٹیک ہولڈرز، پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے اعلی افسران شریک ہوں گے، اجلاس میں 30 جنوری کو پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر غور ہوگا۔ ایپیکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے، سی ٹی ڈی اور پولیس کی آپ گریڈیشن کے اقدامات پر غور ہوگا۔