سٹی42: پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بتایا جا رہا ہے کہ اس کے انٹرا پارٹی الیکشن آج 2 دسمبر کو پشاور میں ہو رہے ہیں اور ب یرسٹر گوہر خان نے چیئرمین پی ٹی آئی کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کر ادیئے ہیں۔ اب تک بیرسٹر علی گوہر کا کوئی مقابل بھی سامنے نہیں آیا اور دیگر عہدوں پر کون لوگ امیدوار ہیں یہ بھی سامنے نہیں آیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کو انٹراپارٹی الیکشن کروانے کے حکم نامے کے بعد پارٹی کل 2 دسمبر کو انٹراپارٹی انتخابات کروانے جا رہی ہے ۔
تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات کیلئے کاغذاتِ نامزدگی کی وصولی کے عمل کا آغاز کر دیا گیا۔ بانی چیئرمین کے نامزد کردہ امیدوار برائے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے بھی اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیے۔
چیئرمین کے امیدوار بیرسٹر گوہر علی کے کاغذات ریٹرننگ افسر سردار مصروف خان ایڈووکیٹ نے وصول کیے ۔ایک اور وکیل احمد اویس بیرسٹر گوہر علی خان کے تجویز کنندہ ہیں اور عمران خان کے مقرر کردہ مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن چیئرمین کے انتخاب کیلئے بیرسٹر گوہر علی خان کے تائید کنندہ ہیں۔ تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر علی کےکاغذاتِ نامزدگی جمع کرواتے وقت گزشتہ روز ہی الیکشن کمشنر ڈیکلئیر کئے جانے والے نیاز اللہ نیازی خود کاغذات وصول کرنے کے لئے موجود تھے ۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ تحریک انصاف کا مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ہے لیکن انٹرا پارٹی انتخابات کل پشاور میں ہوں گے۔ کور کمیٹی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر مقرر کئے جانے والے نیاز اللہ نیازی نے الیکشن کمیشن کو ایک خط لکھ کر انٹرا پارٹی الیکشن پشاور میں ہونے کے متعلق اطلاع دی اور الیکشن کمیشن سے آئی جی کے پی اور چیف سیکرٹری کو سکیورٹی کے لیے ہدایات جاری کرنے کی درخواست کی۔ اس خط کا کوئی جواب موصول ہونے کے متعلق کوئی اطلاع نہیں۔