ویب ڈیسک : محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے میں اسکولوں میں ہفتے کی چھٹی ختم کرنے کا اعلان کیا تھا کیا اس کا اطلاق نجی اسکولوں پر ہوگا یا نہیں؟ اس حوالے سے وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ نے نئی وضاحت جاری کردی۔
محکمہ تعلیم سندھ کے چند روز قبل جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق موسم گرما کی تعطیلات کے اختتام پر یکم اگست سے تمام اسکولوں میں سنیچر کے روز کی چھٹی ختم کر دی گئی تھی اور اسکولوں کو ہفتے میں 6 روز تدریس جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
اُس نوٹیفکیشن کا اطلاق صوبے کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں پر ہونا تھا، تاہم اب صوبائی وزیر تعلیم سردار علی شاہ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس حوالے سے نئی وضاحت جاری کی ہے۔ سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن کے جاری اعلامیے کے مطابق تمام سرکاری اسکول یکم اگست 2026 سے ہفتے میں 6 دن تدریسی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ نجی تعلیمی اداروں پر سرکاری اسکولوں کے ہفتہ وار اوقات کار کا اطلاق لازمی نہیں ہوگا، وہ اپنی پالیسی کے مطابق اوقات کار طے کریں گے۔