عابد چودھری:شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے کمرشل اور پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیورز کی مکمل جانچ پڑتال کا فیصلہ کر لیا۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی زیر صدارت حادثات کی روک تھام کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں پبلک سروس اور کمرشل ڈرائیورز کا کریمنل ریکارڈ، ڈرائیونگ ہسٹری اور لائسنس ریکارڈ چیک کروانے کے احکامات جاری کیے گئے۔
اجلاس میں ایس پی ہیڈکوارٹرز کو حادثات کی وجوہات اور ان کی روک تھام کے لیے ممکنہ اقدامات کا خصوصی ٹاسک بھی سونپ دیا گیا۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق لاہور میں کمرشل گاڑیوں کی تعداد مجموعی رجسٹرڈ گاڑیوں کا تقریباً 5 فیصد ہے، تاہم مہلک ٹریفک حادثات میں ان گاڑیوں کا کردار 48 فیصد تک سامنے آیا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ کوئی بھی ٹرانسپورٹ یونین کریکٹر سرٹیفکیٹ کے بغیر ڈرائیور کو گاڑی فراہم نہ کرے۔ جرائم یا بار بار حادثات میں ملوث ڈرائیورز کو ڈرائیونگ سے دور رکھا جائے گا۔
عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ حادثات کے ذمہ دار ڈرائیورز کے ساتھ ساتھ ان کی معاونت کرنے والے عناصر کا بھی احتساب کیا جائے گا۔ تمام کمرشل اور پبلک سروس وہیکل ڈرائیورز کے لائسنس کی جانچ پڑتال بھی کی جائے گی، جبکہ بغیر مؤثر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں کمرشل گاڑیوں کے حادثات میں کمی کے لیے جامع حکمت عملی نافذ کر دی گئی ہے اور حادثات کی بڑی وجوہات کے خاتمے کے لیے سخت مانیٹرنگ شروع کر دی گئی ہے۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ روڈ سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔