(فاران یامین) پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری منظور نے کہاہے کہ لاہور ڈوب چکا ہے، پنجاب حکومت نکاسی آب میں مکمل طور پر ناکام ہورہی ہے۔
چوہدری منظور کا کہنا تھا کہ کیا کراچی کی طرح بارش کا پانی نکالنے کیلئے عمران خان لاہور میں بھی فوج بلائیں گے؟ چند گھنٹوں کی بارش سے لاہور کے مختلف علاقے پانی میں ڈوب چکے ہیں،فاروق گنج انڈرپاس میں چار فٹ تک پانی کھڑا ہے، پنجاب حکومت کہاں ہے؟
قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بارش کے پانی میں بہہ کر مزید تعفن پھیلارہی ہیں،لاہور میں گلشن راوی، سمن آباد اور لکشمی چوک کے علاقوں میں بارش کے پانی نے نظام درہم برہم کردیا، عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کے عوام کے مسائل کا اجاگر نہ ہونا بھی ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے،کراچی کے عوام کے مسائل سامنے آجاتے ہیں مگر لاہور کے مسائل نجانے کیوں نظرانداز کردئیے جاتے ہیں؟کیا لاہور کے شہری پاکستانی نہیں ہیں جو ان کے مسائل پر وہ توجہ نہیں دی جاتی جو چھوٹے صوبوں کے مسائل کو ملتی ہے۔