راؤ دلشاد:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں سرگودھا اور ڈی جی خان ڈویژن میں اون سورس ریونیو سے جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے سڑکوں کے کناروں پر ری سائیکلڈ پلاسٹک سے بنے ڈرین کور نصب کرنے کا حکم دیتے ہوئے سڑکوں کے اطراف اور درمیان میں کنکریٹ کے گملے رکھنے پر پابندی عائد کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ہر شہر کے داخلی راستوں کے اطراف سرسبز گراسی پلاٹ پر شہر کا نام نمایاں طور پر آویزاں کرنے کا بھی حکم دیا۔
سرگودھا ڈویژن میں اون سورس ریونیو سے 20 ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔ ضلع سرگودھا میں 8، خوشاب میں 6 جبکہ بھکر میں بھی 6 منصوبے مکمل ہوں گے۔
سرگودھا شہر میں 5 مرکزی سڑکوں کی تعمیر، توسیع اور بحالی کے منصوبے شامل ہیں۔ ڈیری روڈ، آزاد روڈ، پائلٹ چوک، خیام چوک اور اوور ہیڈ برج روڈ کی تعمیر و توسیع بھی ان منصوبوں کا حصہ ہے۔
خوشاب میں جہاز چوک، ڈی پی ایس اسکول، سہگل چوک، مین بازار قائد آباد اور نور پور تھل روڈ سمیت سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے 6 منصوبے اون سورس ریونیو سے مکمل کیے جائیں گے۔
بھکر میں جی پی او چوک روڈ، ٹی ڈی اے روڈ، کلورکوٹ روڈ، منکیرہ سٹی روڈ سمیت 6 منصوبے مکمل کرنے کی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے بھکر سمیت دیگر شہروں کے داخلی راستوں پر سرسبز و شاداب پلاٹ میں شہر کا نام نمایاں کرنے اور پرہجوم سڑکوں پر الیکٹرانک سگنلز نصب کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے راجن پور میں اون سورس ریونیو سے 6 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی۔ کتب کینال تا انڈس ہائی وے، پوسٹ آفس روڈ، فتح پور روڈ سمیت دیگر سڑکوں کے منصوبے بھی منظور کیے گئے۔
راجن پور کے روجھان، کوٹ مٹھن اور دیگر دیہی علاقوں میں سیوریج اور ڈرینج کے منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ دیہات میں سیوریج اور ڈرینج کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں۔
مریم نواز نے گھروں کے باہر غیر قانونی اور راستے میں رکاوٹ بننے والے ریمپ فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے راجن پور شہر اور متعلقہ تحصیلوں کے لیے مزید ڈویلپمنٹ پراجیکٹس بھی طلب کر لیے۔