سٹی42: پی ڈی ایم اے نے ایک بار مون سون ختم ہونے کا اعلان کرنے کے بعد اب پنجاب کے بالائی علاقوں میں طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے نے آج پنجاب کے کئی علاقوں میں شدید بارش کا الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں سے التماس کی ہے کہ خراب موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے آج میٹ ڈیپارٹمنٹ کی فورکاسٹ کے حوالے سے بتایا کہ 5 اکتوبر سے 7 اکتوبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید طوفانی بارشوں کی پیش گوئی ہے اور دریاؤں کے کیچمنٹ ایریا میں بھی بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے سربراہ عرفان علی کاٹھیا نے تمام کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات کی ہیں۔
بارشوں سے پنجاب کے دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے لہٰذاتمام ڈپٹی کمشنرز اور دیگر افسر فیلڈ میں موجود رہیں۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ آندھی اور طوفان کی صورت حال میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ عوام الناس بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورت حال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں اور ایمرجنسی صورت حال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔