ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

یومِ مزدور: چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کا پیغام

یومِ مزدور: چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کا پیغام
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

امانت گشکوری: سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے یوم مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن محنت کشوں کی خدمات کے اعتراف اور انصاف کے معیار پر غور کی دعوت دیتا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ قوم کی اصل طاقت محنت کشوں کو دیے جانے والے وقار میں مضمر ہے اور پاکستان بھر میں لاکھوں مزدور اپنی محنت اور مہارت سے معیشت کو سہارا دے رہے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ محنت کشوں کی کاوشیں مؤثر قانونی تحفظ کی مستحق ہیں اور آئینی نظام میں محنت کی عزت کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منصفانہ اجرت، انسانی کام کے حالات اور سماجی انصاف ریاست کی ذمہ داریاں ہیں اور یہ حقوق محض نظریاتی نہیں بلکہ قابلِ نفاذ ضمانتیں ہیں۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ عدلیہ کی ذمہ داری ہے کہ مزدوروں کے حقوق کو عملی طور پر یقینی بنائے، جبکہ عدالتیں استحصالی رویوں کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئی معاشی صورتحال کے باعث چیلنجز بدستور موجود ہیں اور آجر و مزدور کے تعلقات میں تبدیلی کو سمجھنا ناگزیر ہو چکا ہے، خاص طور پر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر مبنی روزگار کے بڑھتے رجحانات کے پیش نظر اداروں کو مؤثر اور لچکدار بنانا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مزدوروں کو انصاف کی فوری اور آسان فراہمی ترجیح ہونی چاہیے، جبکہ جبری مشقت اور بچوں سے مشقت کے خاتمے کیلئے سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔ چیف جسٹس نے محفوظ کام کے ماحول کی فراہمی کو بھی ریاست اور اداروں کی بنیادی ذمہ داری قرار دیا۔