سٹی 42 : آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ٹلہ فائرنگ رینج کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فوج کی اسٹرائیک کور منگلا کی جنگی مشقوں کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران آرمی چیف نے ہیمر اسٹرائیک نامی مشق کا مشاہدہ کیا، مشق میں منگلا اسٹرائیک کور کے دستوں نے حصہ لیا، جدید ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے روایتی جنگی مناظر کا عملی مظاہرہ کیا گیا، اس کے علاوہ فوجی دستوں نے ہم آہنگ، متحرک اور مؤثر کارروائیاں پیش کیں, مشق میں جدید جنگی ٹیکنالوجی، فائٹر جیٹ، ہیلی کاپٹر اور طویل فاصلے تک مار کرنے والی توپوں نے حصہ لیا ، اس موقع پر نئی انجینئرنگ تکنیکوں کا بھی کامیاب مظاہرہ کیا گیا ۔
تمام عسکری شعبوں نے مربوط اور جارحانہ کارروائیاں کیں، فوجی جوانوں نے غیرمعمولی مہارت، چابکدستی اور پیشہ ورانہ تربیت کا مظاہرہ کیا۔ سینئر فوجی قیادت، فارمیشن کمانڈرز اور دیگر معززین نے مشق کا مشاہدہ کیا۔

آرمی چیف نے جوانوں کے حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا، کہا کہ پاکستانی افواج ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا فوری، دوٹوک اور سخت ردعمل دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی جنگی تیاری ہر آزمائش پر پوری اترتی ہے ۔

ہیمر اسٹرائیک مشق پاکستان آرمی کی تربیتی برتری اور تکنیکی جدت کا عکاس ہے ۔
سورس : آئی ایس پی آر