سٹی42: پنجاب میں غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکی باشندوں کے خلاف انخلا کی مہم میں اب تک 12,945 غیرقانونی مقیم افراد کو ملک بدر کر دیا گیا ہے، ان افراد میں بڑی تعداد افغان شہریوں کی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق انخلا کی مہم کے دوران 13 ہزار سے زائد غیرقانونی باشندوں کو مختلف ہولڈنگ سنٹرز منتقل کیا جا چکا ہے۔ اس وقت 99 افراد ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں جن کے کاغذات اور شناخت کی جانچ جاری ہے۔
لاہور میں 5 جبکہ پنجاب بھر میں مجموعی طور پر 46 ہولڈنگ سنٹرز قائم کیے گئے ہیں تاکہ انخلا کے عمل کو منظم اور محفوظ طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔
آئی جی پنجاب نے بتایا کہ سیکیورٹی کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور تمام غیرقانونی مقیم افراد کے انخلا کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بین الاقوامی قوانین کے تحت غیرقانونی تارکین وطن کے انخلا کی پالیسی پر مکمل عملدرآمد کر رہے ہیں۔
آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ انخلا کے عمل کے دوران انسانی حقوق کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے اور کسی قسم کی زیادتی یا بدسلوکی کی اجازت نہیں دی جا رہی۔