سٹی 42 :پنجاب بھر کے ٹیچنگ ، ڈسٹرکٹ و تحصیل ہسپتال ہائی الرٹ، موجودہ سکیورٹی صورتحال میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ صحت نے ڈسٹرکٹ و تحصیل ہسپتالوں کے ایم ایس اور سی ای اوز ہیلتھ کو مراسلہ جاری کردیا۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نے تمام ٹیچنگ ہسپتالوں کو ہائی الرٹ رہنے کیلئے مراسلہ جاری کردیا ۔
جاری کردہ مراسلے کے مطابق وارڈز، آپریشن تھیٹرز اور فارمیسیز کے ڈیوٹی روسٹر اور ہنگامی منصوبہ بندی نافذ کی جائے۔ طبی، نرسنگ، پیرا میڈیکل اور معاون عملہ کی 27گھنٹے دستیابی یقینی بنائی جائے۔ ہسپتالوں میں چاق و چوبند سکیورٹی عملے کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔ سکیورٹی کنٹرول رومز تمام سی سی ٹی وی کیمروں سمیت فعال رہیں۔ ادویات، آئی وی فلوئیڈز، ویکسینز، جراحی ڈسپوزیبل اشیاء کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ تمام بلڈ گروپس کے خون کی وافر مقدار کی موجودگی یقینی بنائی جائے ۔
مراسلے کے مطابق ہنگامی صورتحال کے پیش نظر بستروں کی مناسب تعداد دستیاب ہو۔ مراسلہ میں ہدایت کی گئی ہےکہ سٹینڈ بائی جنریٹرز کی دستیابی اور فعالیت یقینی بنائی جائے۔ پانی کی فراہمی اور میڈیکل گیسز کی مسلسل دستیابی یقینی بنائی جائے۔ آپریشن تھیٹرز 24گھنٹے مکمل فعال اور مناسب عملے کے ساتھ دستیاب ہوں۔ مکمل فعال ایمبولینسز بمعہ تربیت یافتہ عملہ اور ادویات دستیاب ہوں۔ مریضوں کی منتقلی و ریفرل کیلئے ریسکیو 1122 سے مؤثر رابطہ رکھا جائے۔
تمام ایکسرے، الٹراساؤنڈ، سی ٹی سکین، ایم آر آئی مشینیں فعال ہونی چاہئیں۔ مواصلاتی نظام ، ٹیلیفون ایکسچینج، موبائل فون مکمل طور پر فعال رکھا جائے۔ ہسپتالوں، میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیوں میں سکیورٹی اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تمام ہسپتال ضلعی انتظامیہ، ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز سے مکمل رابطہ رکھیں۔
وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ تاحکم ثانی تمام ہسپتال اور فیلڈ افسران الرٹ رہیں گے۔