راؤ دلشاد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاہے کہ آج امت مسلمہ، ایران اور پاکستان کے عوام کے لئے سوگوار دن ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد پاکستان کا ہر شہری اسی طرح غمزدہ ہے جس طرح ایران کے شہری غم کی کیفیت سے دوچار ہیں،ہم سب آپ کے ساتھ ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ قانون کو ہاتھ میں نہ لیں،اپنا احتجاج پرامن انداز میں ریکارڈ کرائیں۔
یاد رہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای شہید ہوگئے،ایران کے سرکاری میڈیا نے آیت اللہ کی شہادت کی تصدیق کردی، ایران بھر میں 7 روزہ تعطیل اور 40 روز کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
ایران کی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ان حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر کی بیٹی، داماد، بہو اور نواسی بھی شہید ہوئے ہیں۔
ایرانی فوج نے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کا بدلہ لینے کا اعلان کردیا۔
ایرانی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملک کی قیادت پر حملہ ایک سنگین اقدام ہے اور اس کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، جارح کو ہر صورت سزا دی جائےگی۔