سٹی42: لاہور کے علاقے مناواں میں ٹریفک وارڈن نے معذور رکشہ ڈرائیور پر مبینہ طور پر تشدد کیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹریفک وارڈن رکشہ ڈرائیور پر تھپڑ برساتا رہاجبکہ معذور رکشہ ڈرائیور نے مدد کے لیے شہریوں سے درخواست کی اور کہا کہ "میں معذور ہوں اور بچوں کے لیے حلال روزی کمارہا ہوں۔"
رکشہ ڈرائیور کی بات سنے بغیر ٹریفک وارڈن نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا جس پر شہریوں نے جمع ہو کر رکشہ ڈرائیور کو ٹریفک وارڈن سے بچایا۔
سی ٹی او لاہور اطہر وحید نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ٹریفک وارڈن کو معطل کرتے ہوئے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز کو معاملے کی انکوائری کرنے کا حکم دیا ہے۔
اس حوالے سے سی ٹی او کا کہنا ہے کہ کسی صورت بھی کسی شہری کی تضحیک برداشت نہیں کی جائے گی۔