(دُرِشہوار) صومالیہ کے بحری قزاقوں کی قید میں43 روز سے پھنسے پاکستانیوں کی نئی ویڈیو سامنے آگئی، جس میں یرغمالیوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ان کو قید کرنے والے قزاقوں کے مطالبات پر جلد پیشرفت کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق 17 فروری کو پاکستان سے روانہ ہونے والا بحری جہاز اونر 25 دو ماہ بعد 21 اپریل کو صومالی بحری قزاقوں نے ہائی جیک کر لیاتھا،اب سامنے آنے والی ویڈیو میں 10 پاکستانی یرغمالی حکومتِ پاکستان سے مدد کی اپیل کرتے نظر آئے،یرغمالی یاسر خان نے آرمی چیف اور اعلیٰ حکام سے فوری مداخلت کی درخواست کی۔
پاکستانی یرغمالیوں نے قزاقوں کی قید میں خوراک اور پانی کی شدید قلت کی شکایت کی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کو "24 گھنٹوں میں صرف ایک بار کھانا ملتا ہے"۔یرغمالی یاسر نے بتایا کہ قید مین موجود پاکستانی یرغمالی گندا پانی پینے پر مجبور ہیں۔یرغمال افراد نے محفوظ بازیابی کیلئے پاکستان کی حکومت سے فوری اقدامات کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ قزاقوں کے مطالبات پر جلد پیش رفت کی جائے۔
یرغمالیوں کے پاکستان میں موجود اہلخانہ بھی کئی ہفتوں سے اذیت میں پھنسے ہوئے ہیں۔انہوں صومالی قزاقوں کی قید سے پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔صومالی قزاقوں کے قبضے میں پاکستانیوں کے 43 روز سے زائد گزر چکے ہیں۔ یرغمال ہونیوالے پاکستانیوں کی ویڈیو نے اہلخانہ کی پریشانی مزید بڑھا دی ہے۔ یرغمالیوں کے اہل خانہ نے سٹی نیوز نیٹ ورک کے چینل سٹی 21 سے رابطہ کیا اور یرغمالیوں کی رہائی کے لئے آواز بلند کرنے پر تشکر کا اظہار کیا۔