جنید ریاض: سرکاری اسکولوں کے سالانہ امتحانات میں بعض من پسند طلبہ کو مبینہ طور پر پاس کرنے کے انکشافات سامنے آئے ہیں، جس کے بعد سکول بیسڈ اسیسمنٹ نظام کی شفافیت کا جائزہ لینے کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کا عمل جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق اسکولوں سے طلب کیے گئے 25 فیصد حل شدہ امتحانی پرچوں کے بنڈلز نامکمل موصول ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ دو ہفتے گزرنے کے باوجود پرچوں کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن مکمل نہیں ہو سکی۔
پیکٹا حکام کے مطابق جماعت سوم سے جماعت ہشتم تک کے امتحانی پرچوں کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے 15 مئی تک 25 فیصد حل شدہ پرچوں کے پیکٹ پیکٹا آفس میں جمع کروائے گئے تھے۔
تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کے دوران طلبہ کے فرسٹ، مڈل اور آخری رول نمبر کے پرچوں کا خصوصی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض کیسز میں غیر حاضر طالب علم کی جگہ اگلے رول نمبر کا پرچہ شامل کیے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
پیکٹا حکام کا مؤقف ہے کہ عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے باعث ویلیڈیشن کے عمل میں تاخیر ہوئی، تاہم پرچوں کی تھرڈ پارٹی جانچ کا کام آئندہ ایک ہفتے میں مکمل کر لیا جائے گا۔
حکام کے مطابق اس جانچ پڑتال کا بنیادی مقصد سکول بیسڈ اسیسمنٹ نظام کی شفافیت، میرٹ اور امتحانی عمل کی درستگی کو یقینی بنانا ہے۔