لاہور کے سرکاری سکولوں میں کتابیں کم پڑ گئیں

 لاہور کے سرکاری سکولوں میں کتابیں کم پڑ گئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(جنید ریاض) لاہور کے سرکاری سکولوں میں کتابیں کم پڑ گئیں، نہم و دہم آرٹس گروپ کی ریاضی اور نہم جماعت کی جنرل سائنس کی کتاب دستیاب نہیں، لاہور سمیت پنجاب بھر میں تینوں کتابیں 60 ہزارطلبا کیلئے درکار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نہم و دہم جماعت آرٹس گروپ کی ریاضی کی کتاب دستیاب نہیں، اسی طرح نہم جماعت کی جنرل سائنس کی کتاب بھی طلبا کو فراہم نہ کی جاسکی، پنجاب بھر میں تینوں کتابیں 60 ہزار بچوں کیلئے درکار ہیں، لاہور کے سکولوں میں تینوں کتابیں دس ہزار سے زائد بچوں کو ابھی فراہم کرنا باقی ہیں۔

 اساتذہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ کتابیں پنجاب وئیر ہاؤس میں بھی دستیاب نہیں، کتابوں کی ڈیمانڈ پروگرام مانیٹرنگ اینڈ امپلی منٹیشن یونٹ کو بھجوا دی گئی ہے۔

  سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ کتابوں کی فراہمی کو ایک ہفتہ میں یقینی بنا دیا جائے گا۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے سکولوں میں داخلوں کیلئے ایڈمشن ڈیسک قائم کرنےکی ہدایت کر دی،سکول سربراہان داخلوں کیلئے گیٹ پر بینرز آویزاں کریں گے،  تمام نئے طلبا کا ڈیٹا سیس پر اپ لوڈ کیا جائے گا۔

سی ای او ایجوکیشن پرویز اختر خان کا کہنا ہے کہ کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد نہ کرانے پرمتعلقہ سکول سربراہان کیخلاف کارروائی کیجائے گی، داخلہ مہم کا سلسلہ سکول کھلنے تک جاری رہے گا۔

ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم نے مالی سال 2019 تا 2020 میں سرکاری سکولوں کے اربوں روپے کے فنڈز روک لیے ہیں، لاہور کے 48 ہزار سکولوں کو چار میں سے صرف دو اقساط ہی مل سکی ہیں،ایک قسط لاہور ایجوکیشن اتھارٹی کی سستی کے باعث سرپلس بجٹ میں واپس جمع کرانا پڑی تھی، فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث سکولوں میں جاری ترقیاتی کام التواء کا شکار ہیں۔

محکمہ سکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ نان سیلری بجٹ کی مد میں فنڈزسکولوں کو جلد فراہم کردیئے جائیں گے۔

Sughra Afzal

Content Writer