سردی کی نئی لہر ، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

سردی کی نئی لہر ، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

روزینہ علی : آج رات کے موسم کی  صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک  رہے گا جبکہ شمالی علاقوں اور شمالی بلو چستان میں شدید سرد رہے گا ۔  پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں شدید دھند  کے ساتھ ساتھ شدید سردی کی لہر چھائی رہے گی، جبکہ  خیبر پختونخوا  کے میدانی علاقوں اور  بالائی سندھ میں دھند اور سموگ   چھائے رہنے کا امکان ہے۔ 

منگل کے روزموسم کی   صورتحال کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ  صبح کے اوقات میں اسلام آباد اور گر دو نواح میں بعض مقا مات پر دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں  موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی  اضلاع میں  شدید سرد   رہے گا۔ چارسدہ ، مردان ، نوشہرہ ، صوابی ، پشاور، ڈی آئی خان اور گردونواح  میں  صبح  اور رات کے اوقات میں  دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ 
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کےبیشتراضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ مری، گلیات اورگردونواح میں شدیدسرد اورمطلع جزوی ابر آلودرہےگا، بہا ولپور ،ساہیوال ، اوکاڑہ ،قصور،لاہور ،سیالکوٹ، نارووال،گوجرانوالہ،جہلم،منگلا،فیصل آباد، جھنگ،سرگودھا،منڈی بہاؤالدین،ٹوبہ ٹیک سنگھ،خانیوال ،ملتان ، خان پور،رحیم یار خان ، حافظ آباد ، بھکر ،لیہ ،ڈیرہ غا زی خان  اور گر دو نواح میں شدید  دھند اور سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔ خطہ پوٹھوہار  کے بعض علاقوں میں بھی صبح اور رات کے اوقات میں دھند  چھائے رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں  موسم سرد اور خشک  جبکہ شمالی اضلاع میں  شدید سرد  اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، تاہم مغربی اضلاع نوشکی، قلات ، تربت،   چاغی اور نوکنڈی میں ہلکی بارش  ہو سکتی ہے۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جیکب آباد،  موہنجوداڑو، سکھر، لاڑکانہ ، دادو، گھوٹکی، خیر پور اور پڈعیدن میں صبح  اور رات کے اوقات میں  دھند اور سموگ   چھائے رہنے کا امکان ہے۔