ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

چینی نوجوانوں میں یہ قدیم علاج تیزی سے مقبول، وجہ کیا ہے؟

چینی نوجوانوں میں یہ قدیم علاج تیزی سے مقبول، وجہ کیا ہے؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: چین میں روایتی چینی طب (TCM) نوجوان نسل میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہے، جہاں زیادہ سے زیادہ نوجوان صحت مند طرز زندگی اور جسمانی توازن برقرار رکھنے کے لیے قدیم طریقہ علاج اپنا رہے ہیں۔

چائنا ڈیلی کی رپورٹ کے مطابق خاص طور پر گرمیوں کے موسم میں موکسی بسشن (Moxibustion) نامی علاج کو غیر معمولی پذیرائی مل رہی ہے۔ اس طریقہ علاج میں مخصوص ایکیوپنکچر پوائنٹس پر حرارت دی جاتی ہے، جبکہ روایتی چینی طب کے مطابق گرمیوں میں یہ علاج کرنے سے سردیوں میں ہونے والی بعض بیماریوں سے بچاؤ میں مدد مل سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق 32 سالہ لو ہوان ہوان گزشتہ چار برس سے یہ علاج کروا رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کے بعد سردیوں میں ہاتھ پاؤں ٹھنڈے رہنے کی شکایت میں نمایاں کمی آئی ہے۔ وہ اپنے روزمرہ صحت سے متعلق معمولات سوشل میڈیا پر بھی شیئر کرتی ہیں، جہاں ان کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد فالوورز ہیں، جن میں اکثریت نوجوانوں کی ہے۔

شنگھائی یونیورسٹی آف ٹریڈیشنل چائنیز میڈیسن سے وابستہ جنوبی افریقی محقق اور معالج شینا روز ایراسمس کے مطابق نوجوان اب صرف علامات ختم کرنے والی ادویات کے بجائے قدرتی اور دیرپا طریقہ علاج میں زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ موکسی بسشن ہر فرد کے لیے موزوں نہیں، اس لیے حاملہ خواتین، بخار یا شدید انفیکشن میں مبتلا افراد اور حساس جلد رکھنے والوں کو یہ علاج نہیں کروانا چاہیے۔

رپورٹ کے مطابق روایتی چینی طب میں غیر ملکیوں کی دلچسپی بھی بڑھ رہی ہے۔ چین کے مختلف شہروں میں غیر ملکی شہری ایکیوپنکچر، نبض کے معائنے اور دیگر روایتی علاج کے طریقوں سے آگاہی حاصل کر رہے ہیں، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے علاج صرف مستند ماہرین کی نگرانی میں ہی کروانے چاہییں اور انہیں سوشل میڈیا کے رجحانات کی بنیاد پر نہیں اپنانا چاہیے۔