ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

چین میں کاسمیٹک سرجری کی مبینہ غفلت، معمولی علاج کرانے والی خاتون کا چہرہ شدید متاثر

چین میں کاسمیٹک سرجری کی مبینہ غفلت، معمولی علاج کرانے والی خاتون کا چہرہ شدید متاثر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: چین میں کاسمیٹک سرجری کے دوران مبینہ طبی غفلت کا ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں 24 سالہ خاتون معمولی جبڑے کی خرابی درست کرانے کے لیے ووہان یونیورسٹی ڈینٹل اسپتال پہنچی، تاہم آپریشن کے بعد ان کے چہرے کی ساخت بری طرح متاثر ہو گئی۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کے جبڑے میں صرف 2 ملی میٹر کے معمولی ابھار کو درست کرنا مقصود تھا، لیکن مبینہ طور پر سرجری کے دوران جبڑا 13 ملی میٹر باہر کی جانب منتقل کر دیا گیا، جس سے چہرے کا توازن بگڑ گیا۔ رپورٹ کے مطابق آپریشن کے دوران دھاتی سوئی سے ایک دانت کی جڑ بھی متاثر ہوئی، جبکہ ناک کی ہڈی ٹیڑھی ہونے کے باعث متاثرہ خاتون کو ناک سے سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ صرف معمولی غلطی نہیں بلکہ سرجری کے طریقہ کار میں سنگین کوتاہی کا معاملہ ہے۔ ان کے مطابق خاتون کی ابتدائی کیفیت کو آپریشن کے بجائے آرتھوڈانٹک علاج، جیسے بریسز، کے ذریعے بھی درست کیا جا سکتا تھا۔

رپورٹس کے مطابق سرجری کرنے والے مرکزی ڈاکٹر نے مبینہ طور پر مؤقف اختیار کیا کہ آپریشن کے بعد خاتون کا چہرہ پہلے سے زیادہ "مغربی اور اسٹائلش" دکھائی دیتا ہے۔

متاثرہ خاتون نے اس علاج پر 55 ہزار امریکی ڈالر سے زائد خرچ کیے، جبکہ ماہرین کے مطابق چہرے اور جبڑے کی دوبارہ بحالی میں کم از کم پانچ سال لگ سکتے ہیں اور اس پر 2 لاکھ امریکی ڈالر سے زیادہ لاگت آنے کا امکان ہے۔

واقعہ سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد اسپتال نے سرجری کی فیس واپس کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے، جبکہ چینی صحت حکام نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق یہ کیس قانونی کارروائی کی صورت بھی اختیار کر سکتا ہے۔