ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سی ڈی اے کا بڑا فیصلہ، اسلام آباد میں کمرشل عمارتوں کے پارکنگ قوانین تبدیل

سی ڈی اے کا بڑا فیصلہ، اسلام آباد میں کمرشل عمارتوں کے پارکنگ قوانین تبدیل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

طیب سیف: چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کی زیر صدارت سی ڈی اے بورڈ کے سال 2026 کے دسویں اجلاس میں بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنز 2023 میں اہم ترامیم کی منظوری دے دی گئی، جن کے تحت اسلام آباد میں ہائی رائز کمرشل عمارتوں کے لیے پارکنگ کے قواعد میں نرمی کر دی گئی ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اب کمرشل عمارتوں کے لیے ہر ایک ہزار مربع فٹ پر ایک گاڑی کی پارکنگ مختص کرنا لازم ہوگا، جبکہ اس سے قبل ہر 750 مربع فٹ پر ایک پارکنگ فراہم کرنا ضروری تھا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سابقہ شرط کے باعث بلڈرز اور ڈیولپرز کو متعدد مشکلات کا سامنا تھا اور بعض منصوبوں میں چھ بیسمنٹ تک تعمیر کرنا پڑتی تھی، جس سے زمین کی ساخت اور حفاظتی مسائل بھی پیدا ہوتے تھے۔

سی ڈی اے کے مطابق نئی پالیسی اسلام آباد چیمبر آف کامرس، کاروباری برادری، بلڈرز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی سفارشات کی روشنی میں منظور کی گئی ہے تاکہ تعمیراتی شعبے کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور 4، 5 اور 6 اگست کو ہونے والی سی ڈی اے کی آئندہ اوپن آکشن سمیت مستقبل کی تمام کمرشل پلاٹ نیلامیوں پر بھی لاگو ہوگا۔ اس مقصد کے لیے آکشن کی شرائط و ضوابط میں بھی ضروری تبدیلیاں کی جائیں گی۔

چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے کہا کہ اس اقدام سے اسلام آباد میں بلڈنگ پلان کی منظوری کا عمل آسان ہوگا، سرمایہ کاری اور تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، جبکہ سی ڈی اے شہر کی منصوبہ بندی اور ترقی کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرتا رہے گا۔