ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات نے جون 2026 کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی تازہ قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے، جن کا اطلاق یکم جون سے ہوگا۔ نئی قیمتوں کے تحت مختلف اقسام کے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ڈیزل نسبتاً سستا کر دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی پڑے ہیں، جس کے نتیجے میں ملک میں ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے ماہ تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔
نئی قیمتوں کے تحت سپر 98 پیٹرول 3.95 درہم فی لیٹر میں دستیاب ہوگا، جبکہ مئی میں اس کی قیمت 3.66 درہم فی لیٹر تھی۔ اسی طرح سپیشل 95 پیٹرول کی قیمت 3.55 درہم سے بڑھا کر 3.83 درہم فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
ای پلس 91 پیٹرول کے نرخ بھی بڑھا دیے گئے ہیں اور اب یہ 3.76 درہم فی لیٹر میں فروخت ہوگا، جبکہ گزشتہ ماہ اس کی قیمت 3.48 درہم فی لیٹر تھی۔
دوسری جانب ڈیزل استعمال کرنے والوں کے لیے قدرے ریلیف دیا گیا ہے۔ جون کے دوران ڈیزل کی قیمت 4.69 درہم کے بجائے 4.33 درہم فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث آنے والے مہینوں میں بھی ایندھن کے نرخوں میں مزید تبدیلیاں متوقع ہیں۔