سٹی42: عمران خان کی شریک ملزمہ بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت کے دوران عدالت میں حاضر ہونے سے انکار کردیا، ملزمہ کی عدالت میں عدم موجودگی کی وجہ سے چار گواہوں کی گواہیاں ریکارڈ نہیں کی جا سکیں۔ عدالت کو کئی گھنٹے انتظار کرنے کے بعد گواہیوں کی ریکارڈنگ ملتوی کرنا پڑی۔
اڈیالہ جیل میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف" توشہ خانہ 2" کیس کی سماعت سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی۔ بانی کو عدالت میں پیش کیاگیا لیکن بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل مین اپنے سیل سے کمرہ عدالت آنے سے انکار کردیا۔
عدالت نے جیل حکام کو بشریٰ بی بی کو لانے کی ہدایات جاری کیں لیکن جیل حکام نے عدالت کو بتایاکہ بشریٰ بی بی نے عدالت میں آنے سے انکار کر دیا ہے اور ان کا کہنا ہےکہ ان کی بانی سے ملاقات نہیں کروائی گئی اس لیے وہ عدالت نہیں آئیں گی۔
عدالت نے 3 گھنٹے کا وقت دینے کے باوجود بشریٰ بی بی کے نہ آنے پر بے بسی کے ساتھ "برہمی کا اظہار" کیا۔
ملزمہ بشریٰ بی بی کی عدالت میں عدم موجودگی کے باعث چار گواہوں کے بیان ریکارڈ نہ ہو سکے ۔ عدالت نے گواہی دینے کے لئے آئے ہوئے گواہوں کو دوبارہ طلب کر لیا اور ملزمہ کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا ایک اور موقع دے دیا۔
عدالت نے حکم دیاکہ آئندہ سماعت پر بشریٰ بی بی نہ آئی تو ملزمہ کی اس مقدمہ میں ضمانت منسوخ کرنے کے احکامات دیں گے۔
عدالت نے توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت تین جون تک ملتوی کردی ہے۔