ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مون سون بارشیں، پنجاب میں 45 افراد جاں بحق، وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر رپورٹ جاری

مون سون بارشیں، پنجاب میں 45 افراد جاں بحق، وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر رپورٹ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی رامے: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں سے متعلق فیکٹ شیٹ جاری کر دی، جس میں حالیہ بارشوں، سیلابی صورتحال، نقصانات اور امدادی اقدامات کی تفصیلات شامل ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔ اٹک میں 75، سیالکوٹ 67، جوہرآباد 56، لاہور 46، سرگودھا 44 اور خوشاب میں 27 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ مری میں 21، راولپنڈی پیرودھائی 17، نارووال 15، چنیوٹ اور میانوالی میں 7، 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر پیشگی انتظامات اور مشینری کی بروقت دستیابی کے باعث ریکارڈ بارشوں کے باوجود کم وقت میں نکاسی آب کو یقینی بنایا گیا۔ ترجمان کے مطابق بارشوں کا موجودہ سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر دریاؤں، ڈیموں اور بیراجوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ تربیلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 85 فیصد، منگلا ڈیم 54 فیصد، تھین ڈیم 46 فیصد، اقر پونگ ڈیم 40 فیصد اور بھاکڑا ڈیم میں 37 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق رواں مون سون سیزن میں مختلف حادثات کے نتیجے میں 45 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 279 زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں 33 بوسیدہ اور خستہ حال عمارتیں گرنے، 6 ڈوبنے، 4 کرنٹ لگنے اور 2 آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں زندگی سے محروم ہوئے۔

ڈی جی سیف انور جپہ نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا ازالہ بھی کیا جائے گا۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مون سون کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بچوں کو برساتی نالوں، نشیبی علاقوں، دریاؤں اور نہروں میں نہانے سے روکیں۔ ادارے کے مطابق پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی نگرانی چوبیس گھنٹے جاری ہے۔