زاہد اقبال رانا: سنٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ میں شاندار کامیابی کے بعد پاکستان کی عالمی رینکنگ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ قومی ٹیم آٹھ درجے ترقی کرتے ہوئے 46ویں سے 38ویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔
قومی ٹیم کی حالیہ کارکردگی نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان والی بال کی ساکھ کو مزید مضبوط کیا ہے، تاہم کھیل کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق مسائل بدستور برقرار ہیں۔
ذرائع کے مطابق قومی کھلاڑیوں کی تربیت اور ملکی سطح پر مقابلوں کے انعقاد کے لیے معیاری والی بال کورٹ کی سہولت بھی میسر نہیں، جبکہ بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی کے لیے تاحال جدید والی بال اسٹیڈیم تعمیر نہیں کیا جا سکا۔
دستاویزات کے مطابق حکومت پنجاب گزشتہ تین مالی سال سے والی بال کورٹ کی تعمیر کے لیے بجٹ مختص کرتی آ رہی ہے، لیکن منصوبے پر اب تک عملی کام شروع نہیں ہو سکا، جس پر کھیلوں کے حلقوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔