عمران یونس:بسنت فیسٹیول 2026 کے موقع پر پنجاب یونیورسٹی میں بھی بسنت کے رنگ بکھرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب یونیورسٹی میں دو روزہ بسنت تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں پتنگ بازی کے مقابلے، میوزیکل پرفارمنسز اور کھانے پینے کے اسٹالز لگائے جائیں گے۔
ہیلی کالج آف کامرس کے مین گراؤنڈ میں پتنگ بازی کے مقابلے منعقد ہوں گے، جبکہ اولڈ کیمپس میں بسنت میوزیکل فیسٹیول، فوڈ اسٹالز اور پتنگ بازی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق 7 فروری کو ہونے والی تقریبات میں صرف طلبہ، اساتذہ، افسران، ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کو شرکت کی اجازت ہوگی۔ اس حوالے سے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی نے فیسٹیول کو رنگین اور یادگار بنانے کے لیے خصوصی احکامات جاری کر دیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں بسنت فیسٹیول کو کامیاب بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔