ویب ڈیسک :یورپی یونین نے داخلی معاملات میں زبردستی اور روس کی مدد کرنے کے الزام پر ایران کے خلاف نئی پابندیاں عائد کردیں۔
پابندیوں کی نئی فہرست میں ایرانی وزیر داخلہ سمیت 15 افراد اور 6 ادارے شامل ہیں۔
یورپی کمیشن نے ایران کے خلاف مزید پابندیاں عائد کرنے کے یورپین کونسل کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
کمیشن کے مطابق ایرانی حکومت کی جانب سے مظاہرین پر مسلسل اور وحشیانہ جبر کے جواب میں مزید 15 افراد اور 6 اداروں پر پابندی کی منظوری دی گئی ہے۔
پابندی والے اقدامات میں اثاثے منجمد، یورپی یونین میں سفری پابندیاں اور فہرست میں شامل افراد کو فنڈز یا معاشی وسائل دستیاب کرنے کی ممانعت شامل ہے۔
کمیشن کے مطابق یورپی یونین ایران کی اندرونی صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اضافی پابندیاں عائد کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔
یورپین کونسل نے ڈرونز اور میزائلوں کی تیاری میں استعمال ہونے والے مزید اجزاء اور ٹیکنالوجیز کی ایران کو برآمد، فروخت، منتقلی یا فراہمی پر پابندی میں توسیع کردی ہے۔
کونسل نے الزام عائد کیا کہ ایران یوکرین کے شہریوں اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے میں سہولت فراہم کرتے ہوئے یہ اشیاء آگے روس کو فراہم کر رہا ہے۔