سٹی 42:سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سوتن نہ سمجھے،وعدے پورے کرے۔
وزیر اعظم کی مسلم لیگ ق کےساتھ اتحادی امور پر قائم کردہ کمیٹی کا معاملہ، مسلم لیگ ق کی قیادت کا ردعمل سامنے آگیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکرچودھری پرویز الہٰی نےنئی حکومتی کمیٹی پر بابا بھلے شاہ کا شعر پڑھ دیا،بولےاگلی توں نہ پچھلی توں۔۔۔ میں صدقے جاواں وچلی توں۔
سپیکرچودھری پرویز الہٰی نے سی پی این ای کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلی کمیٹی سےمذاکرات پرمعاملات بہترہوناشروع ہوگئےتھے،اب حکومت کی نئی کمیٹی سامنے آگئی ہے،ایک کمیٹی بنتی ہے دوسری ڈالی جاتی ہے،ہم نےبھی کمیٹی ڈالی ہے جو ابھی نکلی نہیں،
ہمیں نئی حکومتی کمیٹی کی سمجھ نہیں آئی۔ہم سےکئےگئے وعدے پورے ہونے چاہئیں۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ چاہتے ہیں کہ حکومت چلے اور اپنی مدت پوری کرے،ہم جس کے ساتھ چلتے ہیں نیک نیتی کےساتھ چلتے ہیں۔ہم کوشش کرتے ہیں کہ صبر کے ساتھ چلیں ،احساس ہے کہ اگر حکومت کو نقصان پہنچا تو ہمیں بھی پہنچے گا،اتحادی کو سوتن نہیں سمجھنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ویٹ اینڈ امپرومنٹ کی پالیسی پر چل رہے ہیں،حکومت نے کشمیر کا ایشو اچھے طریقے سے عالمی سطح پر اجاگر کیا، ذوالفقار علی بھٹو کے بعد عمران خان نے کشمیر کا مقدمہ لڑا۔