ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: ملک کے مختلف حصوں میں موسم نے ایک ساتھ کئی رنگ دکھا دیے ہیں، کہیں بارش تو کہیں برفباری کے باعث سردی کی شدت میں واضح اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، سندھ اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے موسم سرد اور خوشگوار ہو گیا ہے۔

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں آج اور کل بارش متوقع ہے، جس سے سردی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز تک ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہریوں کو سردی اور ممکنہ موسمی اثرات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سندھ میں موسمِ سرما کی پہلی بارش نے دستک دے دی۔ لاڑکانہ، سکھر، شکارپور، جیکب آباد، نوڈیرو، خانپور، لکھی غلام شاہ اور گڑھی یاسین میں بارش سے سردی میں نمایاں اضافہ ہوا، جبکہ حیدرآباد میں بھی وقفے وقفے سے بارش ریکارڈ کی گئی۔

کراچی میں رات گئے موسمِ سرما کی پہلی بارش ہوئی، جس سے درجہ حرارت میں کمی آ گئی۔ آئی آئی چندریگر روڈ، پی آئی ڈی سی، سلطان آباد، سول لائنز، شاہراہ فیصل، طارق روڈ، صدر، جمشید روڈ، سائٹ ایریا، میٹروول اور اورنگی ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے شہر میں دن کے وقت بھی ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا ہے۔

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ، چمن اور گوادر میں بارش کے باعث سردی بڑھ گئی، جبکہ توبہ اچکزئی کے مختلف علاقوں میں برفباری ریکارڈ کی گئی۔ چمن اور اطراف میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور بعض مقامات پر سیلابی ریلے آبادی میں داخل ہو گئے۔ کوئٹہ اور گردونواح میں بارش کے باعث 40 سے زائد بجلی کے فیڈرز بند کر دیے گئے، جس سے کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔ لسبیلہ اور وندر میں بھی بارش ہوئی۔

خیبرپختونخوا کے علاقوں رزمک، شوال، وانا، برمل اور شکئی میں بارش کے بعد بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی۔ گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں برفباری کے باعث بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، جبکہ بابوسر ٹاپ پر وقفے وقفے سے برف پڑنے کا سلسلہ جاری رہا۔ وادی نیلم کے علاقوں اڑنگ کیل، گریس ویلی اور تاؤ بٹ میں بھی خوب برفباری ہوئی، چلاس کے اطراف پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مری اور گلیات میں بھی برفباری کا امکان ہے، جس کے باعث سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔