راؤ دلشاد:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب کی گاڑی کی زد میں آ کر کمسن بچی کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ستھرا پنجاب کی گاڑیوں کو ہر صورت ٹریفک قوانین کا پابند بنانے کا حکم دے دیا۔
مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں لاہور میں ٹریفک مینجمنٹ، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے شاہدرہ اور ٹھوکر نیاز بیگ سمیت لاہور کے داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک جام کے سدباب کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں پر ٹریفک کی آمدورفت میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے تمام معروف روڈز پر بائیک لین مقرر کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پیدل سڑک عبور کرنے والوں کے لیے زیبرا کراسنگ کی پابندی یقینی بنانے کا حکم بھی دیا۔
اجلاس میں پیدل سڑک کراس کرنے والوں کے لیے الرٹ بٹن نصب کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ زیبرا کراسنگ پر پیدل چلنے والوں کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی یقینی بنانے کے لیے کیمروں کے ذریعے ڈیجیٹل نگرانی پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے زیبرا کراسنگ کی پابندی یقینی بنانے کے لیے مال روڈ پر پہلا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا حکم دیا۔
مریم نواز نے مال بردار ٹریکٹر ٹرالی کو کور کیے بغیر سڑک پر آنے کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ستھرا پنجاب کی ٹریکٹر ٹرالیوں کے لیے بھی کور کرنے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ نے گنے کا سیزن شروع ہونے سے قبل اوور لوڈنگ کے خلاف کارروائی شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔
لاہور کی ٹریفک رینکنگ میں بہتری پر اظہار مسرت
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ساؤتھ ایشیا میں لاہور کی ٹریفک رینکنگ میں بہتری پر اظہار مسرت کیا۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ نیمبیو گلوبل ٹریفک رینکنگ انڈیکس میں لاہور 149ویں نمبر سے بہتر ہو کر 29ویں نمبر پر آ گیا ہے۔
بریفنگ کے مطابق جاتی امراء چوک، پائن ایونیو، ڈیفنس موڑ، کریم بلاک اور کاہنہ میں ٹریفک کے ہجوم میں 70 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے فیروز پور روڈ کو بھی لاہور کا ماڈل روڈ قرار دینے کی ہدایت کی، جبکہ پائن ایونیو اور جاتی امراء چوک میں ٹریفک مینجمنٹ بہتر بنانے کے لیے سگنل نصب کرنے کا حکم دیا۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ لاہور میں 16 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کے لیے اب تک 4096 ٹریفک پرمٹ اور لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ لاہور میں مختلف مقامات پر خواتین کے تحفظ کے لیے 65 ہزار پینک بٹن بھی نصب کیے جا چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد، سڑکوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔