ویب ڈیسک:کراچی میں مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں آر بی ایس شاپنگ مال میں بڑی ڈکیتی کی واردات، 3 جیولری شاپس کو نشانہ بنایا گیا۔
مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں واقع آر بی ایس شاپنگ مال میں 6 مسلح ملزمان نے دن دہاڑے تین جیولری شاپس میں ڈکیتی کی واردات کی۔
پولیس کے مطابق واردات آج دوپہر تقریباً 2 بجے پیش آئی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، فوٹیج میں مبینہ طور پر مسلح ملزمان کو واردات کے بعد فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
دکانداروں کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر تقریباً 1500 گرام(ڈیڑھ کلو )سونا اور 14 کلو چاندی لوٹ کر فرار ہوئے،فرار کے دوران ملزمان اور دکانداروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
مبینہ طور پر مسلح ملزمان جاتے ہوئے ایک دکاندار کی پستول بھی ساتھ لے گئے۔ دن دہاڑے جیولری شاپس میں بڑی واردات کے باعث شاپنگ مال کے تاجروں اور دکانداروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے ملزمان کے روٹ کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ ملزمان کی شناخت کی کوشش بھی جاری ہے۔
پولیس کے مطابق شواہد کی روشنی میں ملزمان کا سراغ لگانے اور انہیں گرفتار کرنے کے لیے کارروائی جاری ہے۔