سٹی 42 : این ڈی ایم اے نے اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں یکم تا 3 ستمبر تک ممکنہ شدید موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کردیا۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں متوقع مزید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال میں شدت کا امکان ہے۔ شمال مشرقی، وسطی اور جنوبی پنجاب کے اضلاع متاثر ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مری، راولپنڈی، جہلم، اٹک، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے، ساتھ ہی چنیوٹ، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، فیصل آباد، سرگودھا، بھکر، لیہ اورمیانوالی میں بھی موسلادھار بارشوں کے نتجے میں سیلابی صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔ ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، ملتان، بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بھی بارشیں اور سیلابی صورتحال متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات اور تیاری کی ہدایت جاری کردی گئی ہے، کہا گیا ہے کہ بالائی علاقوں میں ممکنہ شدید بارشوں اور دریاؤں میں تیز بہاؤکے باعث مرالہ ہیڈ ورکس پر سیلابی ریلوں اور بہاؤ میں شدید اضافے کا امکان ہے، جبکہ سیلابی صورتحال کے باعث ملحقہ علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب رہائشی الرٹ رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ندی نالوں میں اچانک بہاؤ میں اضافی متوقع ہے، عوام اور متعلقہ ادارے حفاظتی اقدامات کریں، نشیبی و خطرے سے دوچارعلاقوں سے دور رہیں ۔ تیز بہاؤ کی صورت میں ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے گریزکریں، مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے نشیبی علاقوں سے فوری نکاسی آب کے لیے ضروری مشینری اور پمپس تیار رکھیں۔