احسن عباسی: کراچی سمیت سندھ بھر میں سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے گیس چوری کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 950 سے زائد غیر قانونی کنکشن منقطع کر دیے۔
ترجمان ایس ایس جی سی کے مطابق گیس چوری میں ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جا رہی ہے،اس دوران مختلف علاقوں میں زیرِ زمین براہِ راست غیر قانونی کنکشنز پکڑے گئے۔
اسٹیل ٹاؤن، ملیر اور سومر گوٹھ کے علاقوں میں 8 انچ ڈسٹری بیوشن لائن سے غیر قانونی کنکشن کے ذریعے 200 گھروں کو گیس فراہم کی جا رہی تھی،ملزمان ہر گھر سے 20 ہزار روپے ایڈوانس اور 2 ہزار روپے ماہانہ وصول کر رہے تھے۔
اسی طرح شاہ لطیف ٹاؤن کے سیکٹر 30-C میں بھی کارروائی کے دوران 6 انچ لائن سے زیر زمین غیر قانونی کنکشن پکڑا گیا، جہاں تقریباً 300 گھروں کو گیس سپلائی کی جا رہی تھی۔
بے نظیر آباد میں 100 گھروں کو غیر قانونی گیس فراہم کی جا رہی تھی جبکہ یار محمد گوٹھ، ملیر کراچی میں 20 انچ مین لائن سے براہ راست گیس چوری کا انکشاف ہوا۔
ملزمان نے مین لائن میں سوراخ کر کے 300 گھروں کو گیس فراہم کی ہوئی تھی، اور ہر گھر سے 10 ہزار روپے ایڈوانس اور 2 ہزار روپے ماہانہ وصول کیے جا رہے تھے۔
ایس ایس جی سی نے بتایا کہ ملوث تمام افراد کے خلاف ایف آئی آرز درج کر لی گئی ہیں، جبکہ گیس چوری میں ملوث بستیوں پر مسلسل کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔