ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

نگران پنجاب حکومت نے آئندہ 4 ماہ کےلئے بجٹ منظور کر لیا

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سعود بٹ: پنجاب کابینہ نے ورکرز کی کم از کم اجرت کا اطلاق یکم جولائی 2023ء سے کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا 31 واں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں  پنجاب حکومت کے رواں مالی سال کے آئندہ 4ماہ نومبر2023تا فروری2024  کے بجٹ کی منظوری دی گئی، پنجاب کابینہ نے آئندہ 4ماہ کے لئے 2076.2ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دی۔ کابینہ نے 351 ارب روپے کے ترقیاتی اخراجات کی بھی منظوری دی۔ 
اجلاس میں صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے لئے 50ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی، اس کے علاوہ صحت کے شعبہ میں 208 ارب روپے اور تعلیم کے شعبہ میں  222 ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دیدی گئی۔ زرعی شعبہ کی ترقی کے لئے 10ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔ 
اجلاس میں نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کے لئے 1ارب  80کروڑ روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پنجاب ٹیکسٹ بکس کے لیے 5ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے 7 ارب30کروڑ روپے مختص کرنے کی منظوری بھی دیدی گئی۔ 
کابینہ اجلاس میں سیکرٹری خزانہ نے آئندہ4ماہ کے بجٹ کے اہم خدوخال کے بارے میں بریفنگ دی۔ سیکرٹری خزانہ نے پنجاب حکومت کی مالیاتی پوزیشن اور سرپلس وسائل کے بارے میں کابینہ ممبران کو آگاہ کیا۔ سیکرٹری خزانہ نے اس حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت مالیاتی طور پر مضبوط اور مستحکم ہے، پنجاب حکومت کا بجٹ خسارے میں نہیں بلکہ سرپلس ہے۔

پنجاب کابینہ کا ورکرز کی کم از کم اجرت کا اطلاق یکم جولائی 2023ء سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ورکرز کی کم از کم اجرت 32ہزار روپے کا اطلاق یکم جولائی 2023سے ہوگا، کابینہ نے اجلاس میں منظوری دے دی۔ 
اجلاس میں انسداد سموگ کے اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔  پنجاب بھر میں خصوصاً شیخوپورہ، ساہیوال،گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور اور قصور میں انسداد سموگ اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انسداد سموگ اقدامات کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی اپنائی جائے، 
 کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر ز دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف موثر کریک ڈاؤن کریں۔  تعمیراتی منصوبوں اور زیر تعمیر عمارتوں کے باہر باقاعدگی سے پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے۔  فصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی  کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔
اجلاس میں پنجاب پرائس کنٹرول برائے اشیائے ضروریہ آرڈیننس 2023کی منظوری دی گئی۔ پنجاب کابینہ نے 4ماہ کے بجٹ کی تیاری پر سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ 
واضح رہے کہ صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔