سٹی 42: پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف اپنے ایک ہزارویں ون ڈے میچ کے ساتھ ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا اور ون ڈے کرکٹ میں ایک ہزار میچز کھیلنے والی دنیا کی تیسری ٹیم بن گئی۔
اس سے قبل صرف انگلینڈ اور بھارت یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ راولپنڈی میں میچ کے آغاز سے قبل آسٹریلوی کپتان جوش انگلس نے پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی کو یادگاری سووینئر پیش کیا۔
ہزارویں ون ڈے میچ کے موقع پر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔
پاکستان کرکٹ نے یہ سنگِ میل ایسے وقت میں عبور کیا ہے جب قومی ٹیم نے کئی چیلنجز اور مشکلات کے باوجود بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی مضبوط شناخت برقرار رکھی۔ سری لنکن ٹیم پر دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان طویل عرصے تک ہوم گراؤنڈ پر بین الاقوامی کرکٹ سے محروم رہا، تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ اور قومی ٹیم کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں بین الاقوامی کرکٹ دوبارہ ملک میں بحال ہوئی۔
آسٹریلیا کے خلاف میچ کے آغاز کے ساتھ ہی پاکستان ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں ایک ہزار میچز مکمل کرنے والی تیسری ٹیم کے طور پر ریکارڈ بک کا حصہ بن گیا۔