ویب ڈیسک: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار اور ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور بجلی کی فراہمی متاثر ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
لاہور، گوجرانوالہ، حافظ آباد، شکرگڑھ، نارووال اور دیگر علاقوں میں بادل خوب برسے جبکہ لاہور کے بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں اوسطاً 21 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ سب سے زیادہ 44 ملی میٹر بارش نشتر ٹاؤن میں ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق جوہر ٹاؤن میں 37.5 ملی میٹر، لکشمی چوک میں 30 ملی میٹر، مغل پورہ میں 29 ملی میٹر، اپر مال میں 28.5 ملی میٹر جبکہ تاج پورہ اور چوک ناخدا میں 24.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سمن آباد، پانی والا تالاب، گلبرگ، سگیاں، اقبال ٹاؤن، گلشن راوی، ہڈیارہ ڈیفنس روڈ، جیل روڈ اور ایئرپورٹ کے علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔
شدید بارش کے بعد لاہور کے متعدد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا جبکہ بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا اور 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ لیسکو حکام کے مطابق بارش رکنے کے بعد مرحلہ وار بجلی بحال کی جا رہی ہے اور 40 فیصد متاثرہ فیڈرز بحال کر دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب نارووال، قصور اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی جبکہ گجرات میں تیز بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔
آزاد کشمیر کے علاقوں بھمبر اور نکیال میں بھی بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث گرمی کی شدت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔