طاہر جمیل: شہر میں بارش کے پیش نظر نکاسی آب کا جامع ایکشن پلان فعال کر دیا گیا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی زیر نگرانی واسا اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور واسا کے متعلقہ افسران اپنے اپنے علاقوں میں موجود ہیں اور نشیبی علاقوں سمیت اہم شاہراہوں پر عملہ اور مشینری تعینات کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ بارش کی صورتحال پر کنٹرول روم سے مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ نشیبی علاقوں سے پانی کے فوری اخراج کیلئے تمام ڈسپوزل اسٹیشنز مکمل طور پر فعال رکھے گئے ہیں۔
انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں نکاسی آب کے عمل کی خود نگرانی کریں جبکہ واسا حکام کو خصوصی طور پر نشیبی علاقوں سے پانی کی بروقت نکاسی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔
کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے شہریوں سے اپیل کی کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بجلی کے کھمبوں، لٹکتی یا ٹوٹی ہوئی تاروں سے دور رہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کے مطابق انتظامیہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات سے بچانے کیلئے مکمل طور پر الرٹ اور متحرک ہے۔