بابر شہزاد تُرک: مرکزی سرکاری اسپتال پمز میں فوٹوگرافی اور ویڈیوگرافی پر پابندی عائد کر دی گئی۔
پمز اسپتال کی انتظامیہ نے اس حوالے سے باضابطہ سرکلر جاری کر دیا ہے جس کے مطابق اسپتال کے مختلف شعبہ جات میں تصاویر بنانے اور ویڈیوز ریکارڈ کرنے پر مکمل پابندی ہوگی۔ ایمرجنسی، او پی ڈی، وارڈز اور آپریشن تھیٹرز میں کسی بھی قسم کی فوٹوگرافی یا ویڈیوگرافی کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ بغیر پیشگی تحریری اجازت کسی بھی قسم کی ریکارڈنگ پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق یہ پابندی اسپتال کے تمام کلینیکل اور سروس ایریاز پر لاگو ہوگی۔ سرکلر میں ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف اور افسران کو طبی اخلاقیات برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ تمام شعبہ جات کے سربراہان ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ شعبے کے انچارج کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔