عوامی جمہوریہ چین کی وزارت خٓرجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ چین نے پاکستان کو پیغام بھیجا ہے کہ سکیورٹی رسک کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔
دارالحکومت بیجنگ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران عوامی جمہوریہ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لی جیان نے بتایا ہے کہ دہشت گرد حملے کے بعد چین نے انٹر ایجنسی ورکنگ گروپ پاکستان بھیجا اور 28 مارچ کو ورکنگ گروپ پاکستان پہنچا۔ چین کی وزارت خارجہ کے خارجہ سلامتی کے شعبہ کےڈائریکٹر جنرل بائی تیان ورکنگ گروپ کے سربراہ ہیں۔
ترجمان لی جیان نے بتایا کہ ورکنگ گروپ نے پاکستان میں سفارتخانے اور متعلقہ کمپنیوں کے ساتھ ایمرجنسی رسپانس شروع کردیا۔ ورکنگ گروپ کے لیڈر بائی تیان نے پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیرمملکت برائے خارجہ اور وزیرخارجہ سے ملاقات کی اور پاکستان سے کہا کہ وہ جلد اور مکمل کارروائی کرے۔
ترجمان نے بتایاکہ بائی تیان نے واضح کیاکہ دہشت گرد حملے کی مکمل تحقیقات کریں اور سکیورٹی رسک کامکمل خاتمہ کریں اور چینی عملے کے اداروں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں۔ پاکستانی وزرا نے کہا کہ معاملات کو یقینی بنانے کیلئے تحقیقات اور کوششیں مکمل طور پر جاری ہیں۔
ترجمان کے مطابق پاکستان چین کے پروجیکٹس اور اداروں کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہا ہے، یہ چینی ورکنگ گروپ پاکستان میں مزید متعلقہ کام کرے گا۔
گزشتہ دنوں شانگلہ میں گاڑی پر خودکش حملے میں 5 چینی باشندے ہلاک ہوئے تھے جن مین ایک خاتون بھی شامل تھیں۔ چینی انجنیئرز اسلام آباد سے داسوکیمپ میں جا رہے تھے۔