سٹی 42: خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں کے باعث بڑے خطرات کا خدشہ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔
مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن سمیت شمالی اضلاع میں شدید بارشوں، اچانک سیلاب، گلیشیائی جھیلیں پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ۔ آج رات سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بالائی علاقوں میں داخل ہوگا۔بحیرۂ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مرطوب ہوائیں بھی اس سسٹم کا حصہ بنیں گی۔
یکم جولائی سے بارشوں میں شدت آنے کا امکان ہے، بلند درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے سے شمالی علاقوں میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے اور اچانک سیلاب کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کو ایمرجنسی آپریشن سینٹرز چوبیس گھنٹے فعال رکھنے کی ہدایت کردی ۔
حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جائے، جبکہ ریسکیو مشینری، بھاری آلات، ڈی واٹرنگ پمپس، کشتیاں اور امدادی سامان پیشگی تیار رکھا جائے۔
سڑکوں، پلوں اور دریاؤں کی صورتحال پر بھی مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔