عثمان خان :وزارت مذہبی امور نے نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے حج آپریشن کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کے لیے اہم اقدامات مکمل کر لیے ہیں، جس کے تحت شفافیت اور سہولت کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
حکام کے مطابق آن لائن حج پورٹل نے ڈیڑھ لاکھ رجسٹریشن کا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر حج واجبات کی آن لائن ادائیگی کا نظام بھی تیار کر لیا گیا ہے، جس کے تحت ون لنک کے ذریعے گھر بیٹھے حج اخراجات جمع کرائے جا سکیں گے اور بینک جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
وزارت کے مطابق حج 2027 کی رجسٹریشن اب چند کلکس میں گھر بیٹھے ممکن ہوگی، جبکہ رجسٹریشن سے ادائیگی تک پورا حج نظام مکمل طور پر ڈیجیٹل ہوگا۔
سمندر پار پاکستانی بھی آن لائن پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے حج رجسٹریشن اور ادائیگی کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ حج پورٹل میں درخواست کا اسٹیٹس بھی ایک کلک پر دستیاب ہوگا، جس سے درخواست گزاروں کو اپنے کیس کی فوری معلومات حاصل ہو سکیں گی۔