سٹی 42 : پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کا لاہور کے شہریوں کے لیے ایک اور تحفہ، سدرن کوریڈور، ایل ڈی اے سٹی تا پائن ایونیو سٹرکچر پلان روڈ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔
وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال نے نیلم روڈ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی رانا راشد منہاس، ممبر صوبائی اسمبلی میاں عمران اور ن لیگی مقامی قیادت نے شرکت کی ۔
چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید، ایڈیشنل ڈی جی یو پی مدثر احمد شاہ اور پراجیکٹ ڈائریکٹر عثمان نذر نے اس موقع پر بریفنگ دی، بتایا کہ نیلم روڈ، سدرن کوریڈور، ایل ڈی اے سٹی کو پائن ایونیو سے کنکٹ کریں گا۔ سدرن کوریڈور نیلم روڈ منصوبہ ایل ڈی اے سٹی کے لیے گیم چینجر ثابت ہو گا۔ اس کے علاوہ پائن ایونیو سے ایل ڈی اے سٹی تک13.8کلومیٹرطویل ”نیلم روڈ “تعمیر کی جائے گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیلم روڈ کی تکمیل کے منصوبے کو دو پیکجز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پیکج وَن”پائن ایونیو سے ریلوے لائن “اورپیکج ٹو”ہلوکی سے جناح سیکٹر ایل ڈی اے سٹی “پرمشتمل ہے۔ جیا بگا روڈ پر ریلوے لائن پر انڈرپاس تعمیر کیا جائے گا۔ نیلم روڈ 2رویہ اور2لین پر مشتمل ہوگی۔ ریلوے کراسنگ پر 3لین پر مشتمل انڈرپاس تعمیر کیاجائے گا۔
وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال نے کہا کہ نیلم روڈ لاہور شہر کے رہائشیوں کے لیے ایک نیا سدرن کوریڈور ہوگا۔ نیلم روڈ کی تعمیر سے ایل ڈی اے سٹی اور پورے علاقے کی شکل بدل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے مشکور ہیں جنہوں نے دیرینہ مسلہ پر توجہ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سٹرکچر پلان روڈ کی تعمیر سے یومیہ لاکھوں گاڑیاں مستفید ہوں گی۔ 6.93 ارب کی لاگت سے نیلم روڈ منصوبہ 6 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ ایل ڈی اے رواں سال شہر کی کل 5 اہم سٹرکچر پلان روڈز پر کام کرے گا۔