( ملک اشرف ) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان کا بڑی عید پر ماتحت عدلیہ کے ججز اور عدالتی افسران کیلئے بڑا تحفہ، چیف جسٹس کے حکم پر پنجاب حکومت نے ماتحت عدلیہ کے ججز اور انتظامی افسران کے یوٹیلیٹی الاؤنس میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان کے حکم کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب حکومت نے یوٹیلیٹی الاؤنس میں اضافے بارے نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس سے ماتحت عدلیہ کے ججز اور عدالتی افسران میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 1 سے گریڈ 6 کے ہائیکورٹ ملازمین کا یوٹیلیٹی الاؤنس 3 ہزار سے بڑھا کر 6 ہزار روپے، گریڈ 7 اور 8 کے ملازمین کا یوٹیلیٹی الاؤنس 4 ہزار سے بڑھا کر 6 ہزار روپے کر دیا گیا ہے جبکہ گریڈ 9 سے گریڈ 14 کے ہائیکورٹ ملازمین کا یوٹیلیٹی الاؤنس 4 ہزار سے بڑھا کر 8 ہزار روپے کر دیا گیا۔
اسی طرح گریڈ 15 اور 16 کے افسروں کا یوٹیلیٹی الاؤنس بھی 4 ہزار سے بڑھا کر بالترتیب 10 ہزار اور 14 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 17 اور 18 کے افسروں کا یوٹیلیٹی الاؤنس 5 ہزار سے بڑھا کر بالترتیب 15 ہزار اور 20 ہزار روپے کردیا گیا۔
گریڈ 19 کے ہائیکورٹ کےافسروں کا یوٹیلیٹی الاؤنس 8 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کردیا گیا، ہائیکورٹ کے گریڈ 20 اور اس سے اگلے گریڈ کے افسروں کا یوٹیلیٹی الاؤنس بھی 8 ہزار سے بڑھا کر 30 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔