سٹی42: ملک کے مختلف شہروں میں سرد موسم کا سلسلہ جاری ہے اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آئندہ دنوں کے دوران بعض علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان جبکہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے صوبے کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کے ساتھ الرٹ جاری کر دیا ہے۔
لاہور میں موسم سرد اور مرطوب رہا اور درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شہر میں ہوا کی رفتار 7 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی اور نمی کا تناسب 67 فیصد رہا۔ دھند کے باعث حدِ نگاہ 3 کلومیٹر تک محدود رہی اور شہر میں 51 فیصد بادل چھائے رہے۔ فضائی آلودگی کے باعث لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر موجود ہے۔
کراچی میں موسم سرد اور خشک رہا تاہم دن کے اوقات میں تیز دھوپ دیکھی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ شمال مشرق کی سمت سے 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ فضائی معیار کے لحاظ سے کراچی مضر صحت شہروں میں شامل ہے اور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں تیرھویں نمبر پر ہے، جہاں آلودگی کی مقدار 147 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہا جبکہ شام اور رات کے اوقات میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور دن کے وقت درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان نہیں ہے۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں ممکنہ بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے جبکہ ژوب، قلعہ سیف اللہ، زیارت، پشین، کوئٹہ اور گردونواح میں بارش کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے جس میں اسکردو، ہنزہ، غذر، استور، دیامر اور شگر شامل ہیں۔ این ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور صوبائی و ضلعی انتظامیہ کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی یکم سے 3 فروری تک پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے مری، گلیات اور گردونواح میں برفباری اور بارش کی اطلاع دی ہے جبکہ پوٹھوہار ریجن، سیالکوٹ، نارووال، گجرات اور گجرانوالہ میں بھی بارش کا امکان ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملہ 24 گھنٹے حاضر رہے اور مری میں سیاح احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ پی ڈی ایم اے نے مری میں سیاحوں کی سہولت کے لیے فسیلیٹیشن سنٹرز بھی قائم کر دیے ہیں اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ تیز رفتاری اور اچانک بریک لگانے سے اجتناب کریں اور ایمرجنسی کی صورت میں ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔