ویب ڈیسک: راولپنڈی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کے پیشِ نظر حکومت نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے اور یکم جنوری تک دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت شہر میں ہر قسم کے جلسے، جلوس اور ریلیوں کے انعقاد پر پابندی ہوگی اور چار یا زائد افراد کے جمع ہونے پر بھی روک ہوگی۔
اڈیالہ جیل کے اندر اور اطراف کے علاقوں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ جیل کی جانب آنے والے راستوں پر پولیس کی ناکہ بندی کی گئی ہے، جبکہ ڈائیگل اور گورکھپور فیکٹری ناکے پر اینٹی رائٹس بیریئر وال لگائی جا رہی ہیں۔ شہر بھر کی پولیس سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دے رہی ہے۔
نیو ایئر نائٹ پر آتش بازی، ہوائی فائرنگ اور مجمع لگانے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے اور سیکیورٹی پلان پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بانی پاکستان تحریکِ انصاف سے ملاقات کے لیے چھ رکنی وکلا کی فہرست گزشتہ روز جیل انتظامیہ کو بھجوائی گئی تھی۔ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں اور بشریٰ بی بی کے رشتہ دار اڈیالہ جیل ملاقات کے لیے پہنچیں گے۔