ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کو تعلیمی سال اور چھٹیوں کے حوالے سے باقاعدہ خصوصی رولز بنانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ اس مقصد کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے۔
جسٹس جواد حسن نے شہری دانیال حسین کی درخواست پر 9 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا ،فیصلے کے مطابق سیکریٹری سکول ایجوکیشن، سیکریٹری قانون اور سیکریٹری اسپیشل ایجوکیشن سمیت دیگر افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے ،،۔ عدالتی فیصلے کے مطابق کمیٹی نہ صرف تعلیمی سال کے حوالے سے رولز بنائے گی بلکہ بالخصوص گرمیوں اور دیگر چھٹیوں کے حوالے سے بھی جامع تجاویز تیار کرے گی۔عدالتی فیصلے کے مطابق کمیٹی کا پہلا اجلاس 11 ستمبر کو سیکریٹری سکول ایجوکیشن کے دفتر میں ہوگا۔
درخواست گزار دانیال حسین نے مؤقف اختیار کیا کہ حکومت پنجاب نے اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں بڑھانے کا نوٹیفکیشن بغیر کسی رولز، پالیسی یا قانون کے جاری کیا، جو غیرقانونی ہے۔دوسری جانب محکمہ تعلیم پنجاب کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ چھٹیاں موسمی حالات، شدید گرمی اور پی ڈی ایم اے کی وارننگ کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر بڑھائی گئیں۔