(ویب ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کا کہنا ہے عمران خان کو گرفتار کرنے کا خواب دیکھنے والے اپنی حکومت کی فکر کریں۔
تفصیلات کےمطابق ایک بیان میں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں ہے لیکن حکمران عمران خان سے خوفزدہ ہیں۔ عمران خان کو گرفتار کرنے کا خواب دیکھنے والے اپنی حکومت کی فکر کریں، حکومت آج گری یا کل گری۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی اور لانگ مارچ کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں لیکن جعلی حکمران ہر وہ غیر قانونی کام کر رہے ہیں جس سے لانگ مارچ کو روکا جا سکے، سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں پر جھوٹے مقدمات درج کروانے سے تیاریوں میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ عوام کی ایک ہی دہائی ہے کہ اگر حکومت سنبھال نہیں سکتے تھے تو آئے کیوں، عوام کے ساتھ ساتھ آئی ایم ایف کو بھی عارضی حکومت پر اعتبار نہیں ہے۔
عمران خان نے روس کے ساتھ 30 فیصد سستے تیل کا معاہدہ کیا تھا لیکن آج مہنگائی کی وجہ سے ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے۔