( جنید ریاض ) پنجاب ٹیچرز یونین نے حکومت سے پرائمری اور مڈل سکول نہ کھولنے کا مطالبہ کردیا، چیئرمین پی ٹی یو سجاد اکبر کاظمی کا کہنا ہے کہ پریپ سے آٹھویں تک کے طلباء کو کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانا مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہے۔
پنجاب ٹیچرز یونین کا کہنا ہے کہ پرائمری اور مڈل سکول نہ کھولے جائیں۔ کورونا ایس او پیز بنانا آسان ہیں ان پر عمل درآمد کوئی نہیں کرتا۔ پنجاب ٹیچرز یونین کے چیئرمین سجاد اکبر کاظمی کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے،۔
جنرل سیکرٹری رانا لیاقت علی کا کہنا ہے کہ عوام بازاروں، مارکیٹس، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ اور سڑکوں پر کورونا ایس او پیز پرعملدرآمد نہیں کر رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سکولوں میں کس طرح ایس او پیز پر عملدرآمد کرایا جا سکتا ہے؟؟ طلباء کو روزانہ ماسک اور سینٹائزر مہیا نہیں کیے جاسکتے۔
تعلیمی ادارے کھولے گئے تو طلباء اور والدین کی بڑی تعداد کورونا وائرس اور شدید گرمی سے متاثر ہوسکتی ہے۔ ڈاکٹرز اور ماہرین بھی خطرے کی نشاندہی کر رہے ہیں ایسی صورتحال پیدا ہوئی تو اس سے نمٹنا مشکل ہو گا۔
دوسری جانب ملک میں آج اب تک کورونا سے مزید 51 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1334 ہو گئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 64028 تک پہنچ گئی ہے۔اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 432 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ سندھ میں 396 اور پنجاب میں 410 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 60 ، اسلام آباد 22، گلگت بلتستان میں 9 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 5 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔