سٹی 42: ننکانہ صاحب کے علاقے موڑ کھنڈہ ہیڈ بلوکی روڈ پر بائی پاس کے قریب بس بے قابو ہو کر کھیتوں میں جا گری، جس کے باعث 7 خواتین سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ننکانہ صاحب کے علاقے موڑ کھنڈہ ہیڈ بلوکی روڈ پر بائی پاس کے قریب قصور سے فیصل آباد جانے والی تیز رفتار کوسٹر بے قابو ہو کر کھیتوں میں گر گئی۔حادثے میں 7 خواتین سمیت 12 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کا عملہ 6 ایمرجنسی وہیکلز کے ساتھ جائے حادثہ پہنچا جہاں ریسکیو عملہ نے کوسٹر میں پھنسے مسافروں کو پیشہ ورانہ مہارت سے بحفاظت باہر نکال لیا۔
ریسکیو عملہ نے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا۔
زخمیوں میں 80 سالہ خوشی محمد، 24 سالہ عاقب جاوید، 37 سالہ ثمینہ،60 سالہ رشیدہ، 36 سالہ محمد اشرف، 35 سالہ زبیدہ، 40 سالہ جمشید، 60 سالہ نسرین، 40 سالہ سکینہ، 70 سالہ مجیدہ، 38 سالہ سجاد اور 9 سالہ جوانا شامل ہیں۔